ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بہار میں سرد لہر کا قہر،25اضلاع میں اورینج الرٹ جاری

بہار میں سرد لہر کا قہر،25اضلاع میں اورینج الرٹ جاری

Mon, 21 Dec 2020 10:52:15    S.O. News Service

پٹنہ،21؍دسمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) اس وقت پورا بہار سرد لہر کی زد میں ہے۔ 3دنوں سے آسمان ابر آلود رہنے اور دھوپ نہ نکلنے اور سرد ہوائوں کے سبب ٹھنڈک میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بہار میں ان دنوں سرد لہر کا قہر جاری ہے۔ مسلسل درجہ حرارت میں کمی کے سبب لوگوں کے مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شمالی بھارت میں پہاڑوں پر ہورہے برف باری کے سبب بہار میں بھی موسم محکمہ نے ایک ساتھ 26ضلعوں کیلئے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ کل رات سے ریاست کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 7ڈگری سے نیچے پہنچ گیا۔ پٹنہ کا درجہ حرارت3. 5ڈگری تو گیا میں سب سے کم درجہ حرارت 6.3ڈگری سیلیس ریکارڈ کیا گیا۔ زبردست سرد لہر کے سبب معمولات زندگی درہم برہم ہوکر رہ گئی ہے۔موسم سائنسداں آنند شنکر کے مطابق مزید دو دنوں تک ریاست میں سرد لہر جاری رہے گی۔ ٹھنڈک میں اضافہ کے سبب جہاں غریبوں کی مشکلیں بڑھی ہیں وہیں بزرگوں اور بیماروں کی بیماری میں بھی اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ اس لئے اسپتالوں کے او پی ڈی میں مریضوں کی تعداد میں 15فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ زیادہ تر لوگ شام ہوتے ہی اپنے گھر میں قید ہوجاتے ہیں۔ صبح 10بجے سے قبل ٹریفک کا دبائو بھی کافی کم رہتا ہے۔

ریاستی حکومت نے پٹنہ،گیا، نالندہ، شیخپورہ، بیگوسرائے، لکھی سرائے، نوادہ، بکسر، بھوجپور، رہتاس، بھبھوا، اورنگ آباد، جہان آباد،الور، سیتامڑھی، مدھوبنی، مظفر پور، دربھنگہ، ویشالی، شیوہر، سمستی پور، مغربی چمپارن، سارن،مشرقی چمپارن اور گوپال گنج اضلاع میں اورینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22دسمبر کی صبح تک سرد لہر کا قہر جاری ہے رہے گا اور آگے درجہ حرارت میں اگر مزید گراوٹ ہوتی ہے تو ریڈ الرٹ جاری کیا جائیگا۔پٹنہ ضلع انتظامیہ نے سردی میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کمار روی پٹنہ کے اسٹیشن گولمبر پر غریبوں کے درمیان کمبل تقسیم کرنے کا پروگرام بنایا ہے اس کے علاوہ ضلع مجسٹریٹ نے سبھی سب ڈویزنل افسر اور سرکل افسران کو ٹھنڈ کے شدت کو دیکھتے ہوئے غریب افراد کیلئے ٹھنڈ سے تحفظ کیلئے مناسب جگہوں پر الائو کا انتظام کرنے کا حکم دیا ہے اس کام کے موثر مانیٹرنگ کرنے کا حکم تمام سب ڈویزنل افسران کو دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقہ میں جلائے گئے الائو کے بارے میں روزانہ رپورٹ ضلع آفات شاخ میں دستیاب کرائیں۔ پٹنہ صدر بلاک کے مہاویر مندر، پٹنہ جنکشن، کالی چوک، آئی جی آئی ایم ایس، ہنومان مندر، گردنی باغ، پی ایم سی ایچ، رام غلام چوک، لنگر ٹولی چوراہا، مچھوا ٹولی، فقیر بارہ، ہائی کورٹ مزار، بانس گھاٹ، انکم ٹیکس گولمبرسمیت کل 15مقامات پر الائو جلائے جارہے ہیں اس کے علاوہ پٹنہ سیٹی میں بھی الائو کا خاص انتظام کیاہے۔

راجدھانی پٹنہ میں دھند اور کہرے میں اضافہ سے شہر میں اونی کپڑوں کا بازار بھی گرم ہوگیا ہے خریداری سب سے زیادہ بھیڑ بدھ مارگ واقع لہاسا مارکیٹ میں دیکھنے کو مل رہی ہے جہاں تقریباً 100دکانداروں نے اپنا اسٹال لگاکر اپنے اونی کپڑے فروخت کررہے ہیں جو کشمیر، لدھیانہ، ہریانہ کے علاوہ جئے پور اور ہماچل سے پہنچے ہیں۔


Share: